اسلام آباد 2 جنوری (اے پی پی ):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بلوچستان کے عوام کے لیے امن، ترقی، شمولیت اور آئینی حقوق کے حوالے سے ریاست کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی اہمیت محض جغرافیے تک محدود نہیں۔ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہونے کے ناطے بلوچستان علاقائی روابط میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور یہ جنوبی ایشیا کو وسطی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ سے جوڑتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ایوانِ صدر اسلام آباد میں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کے روشن مستقبل، علاقائی رابطہ کاری اور قومی سلامتی میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور مواقع فراہم کرنا پائیدار امن کی ضمانت ہے، جبکہ وفاقی اداروں میں بلوچستان کے نوجوانوں کی نمائندگی بڑھانا قومی ترجیح ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ریکوڈک، سی پیک اور اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل (SIFC) بلوچستان کی معاشی ترقی کے لیے آمدن میں اضافے کا باعث بننے والے اہم منصوبے ہیں۔ بلوچستان کی اہمیت صرف جغرافیائی نہیں بلکہ اس کے قدرتی وسائل اور طویل ساحلی پٹی قومی معیشت کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آغازِ حقوقِ بلوچستان پیکج وفاق اور صوبے کے درمیان اعتماد کی بحالی کی جانب ایک تاریخی قدم تھا، جس کے ذریعے مالی خودمختاری، روزگار کے مواقع اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا گیا۔ بلوچستان کے عوام کی ثابت قدمی اور حوصلہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ بطور ایوانِ وفاق صوبائی حقوق کے تحفظ، متوازن ترقی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ پارلیمان جمہوری اقدار، شفافیت اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کو قومی یکجہتی اور باخبر قیادت کے فروغ کی ایک قابلِ تحسین کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ثقافت اور روایات قومی شناخت کا لازمی جزو ہیں۔ معدنی وسائل سے متاثرہ علاقوں کی مقامی آبادی کو ترقی کے ثمرات دینا ناگزیر ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے باعث بلوچستان کو درپیش چیلنجز، خصوصاً سیلاب اور شدید بارشوں کے تناظر میں طویل المدتی منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا ساحل، قدرتی وسائل اور تزویراتی محلِ وقوع اسے پاکستان کے معاشی مستقبل اور قومی سلامتی کا مرکزی ستون بناتے ہیں۔
انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ آئینی اقدار کا احترام کریں اور جمہوری دائرے میں رہتے ہوئے مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے انعقاد پر منتظمین کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے فورمز قومی ہم آہنگی، باہمی فہم اور استعداد سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔











