چیئرمین سی ڈی اے کی اسلام آباد انٹر سٹی بس ٹرمینل منصوبے کے حوالے سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد سے ملاقات

9

اسلام آباد ، 13 جنوری ( اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے اسلام آباد انٹر سٹی بس ٹرمینل منصوبے کے حوالے سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد سے ملاقات ہوئی ۔

ملاقات میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر انجینئرنگ، ممبر فنانس، ڈی جی ریسورس سمیت دیگر سنئیر افسران نے بھی شرکت کی۔  ملاقات میں اسلام آباد انٹر سٹی بس ٹرمینل کے قیام سمیت مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال  کیا گیا اور

ایشین ڈویلپمنٹ بینک(اے ڈی بی ) کے کنسلٹنٹس نے اسلام آباد انٹر سٹی بس ٹرمینل کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد انٹرسٹی بس ٹرمینل کی ابتدائی فزیبلٹی رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے،اسلام آباد انٹر سٹی بس ٹرمینل کے قیام کے حوالے سے اے ڈی بی بہترین فنانشل ماڈل تیار کررہا ہے، اسلام آباد انٹر سٹی بس ٹرمینل منصوبے کو اسلام آباد کے میٹرو بس اور الیکٹرک فیڈر بس سروس کیساتھ منسلک کیا جائیگا،  انٹر سٹی بس ٹرمینل منصوبے میں الیکٹرک بسوں کیلئے جدید الیکٹرک چارجنگ پوائنٹس بھی ہونگے، اسلام آباد ٹرانسپورٹ ماسٹر پلان کی تیاری کے حوالے سے اے ڈی بی اپنی تیکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے۔

 اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اے ڈی بی ماحول دوست منصوبوں کیلئے کاربن کریڈٹ حاصل کرنے کیلئے بھی اپنی تیکنیکی مدد فراہم کرے،  اسلام آباد کے شہریوں کو ماحول دوست اور بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی شاہراہوں پر ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔

ملاقات میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) کی تکینیکی صلاحیتوں، تجربات اور استعداد کار سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔