اسلام آباد، 13 جنوری (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے منگل کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ایرکسن کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ اس وفد کی قیادت کمپنی کے صدر اور مارکیٹ ایریا یورپ،مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے سربراہ پیٹرک جوہانسن کر رہے تھے۔
ملاقات میں اقتصادی ترقی، پیداواری صلاحیت اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے اگلی نسل کے ڈیجیٹل رابطے کی اہمیت پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے 5G سمیت جدید نیٹ ورکس میں ایرکسن کے عالمی تجربات سے استفادہ حاصل کرنے میں پاکستان کی دلچسپی کو اجاگر کیا، اور قومی ضروریات کے مطابق محفوظ اور پائیدار آئی ٹی انفراسٹرکچر کی ترقی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں ڈیجیٹل مہارتوں کی ترقی، مالی شمولیت اور کیش لیس ادائیگی کے نظام کی توسیع کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات کے لیے تیاری اور ادارہ جاتی تیاری کو مزید بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اسٹریٹجک شراکت داروں کی حمایت کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرکسن کے وفد نے 5G سپیکٹرم نیلامی سمیت ملک کے آئی ٹی انفراسٹرکچر کی مزید بہتری کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔











