چیئرمین پی سی بی  کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات

15

لاہور ، 25 جنوری ( اے پی پی):  چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، جس میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق پی سی بی کے مؤقف پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کو بورڈ کے اصولی مؤقف سے آگاہ کیا، جس پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے مکمل اعتماد اور حمایت کا اظہار کیا۔

‎محسن نقوی نے پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کو نیک خواہشات پیش کیں اور کہا کہ پاکستانی کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور ہر سطح پر مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی میدان میں کامیابی ٹیم ورک سے حاصل ہوتی ہے۔

‎انہوں نے مزید کہا کہ شائقینِ کرکٹ کی نظریں پاک آسٹریلیا سیریز پر ہیں اور قوم کو ٹیم سے بہترین کارکردگی کی توقع ہے۔ اس موقع پر قومی کھلاڑیوں نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پی سی بی کے اصولی مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں اور میدان میں بہترین کھیل پیش کریں گے۔