چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کا دورۂ ملتان، واسا سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت

14

ملتان 16 جنوری )اے پی پی):چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے دورۂ ملتان کے دوران واسا سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں واسا کی جاری اور زیرِ تکمیل ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، خصوصاً ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بچھائی جانے والی سیوریج لائنوں کی پیش رفت سے چیف سیکرٹری کو آگاہ کیا گیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے سیوریج منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار پر زور دیتے ہوئے واضح ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

زاہد اختر زمان نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی اسکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور منصوبوں کی مانیٹرنگ کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کو بروقت سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو فیلڈ میں موجود رہ کر کاموں کی نگرانی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں انتظامی افسران اور واسا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور جاری منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ پیش کی۔