کوئٹہ، 22 جنوری (اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) جہانزیب خان نے برفباری سے متاثرہ علاقے کان مہترزئی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری امدادی سرگرمیوں اور بحالی اقدامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ریسکیو نوید احمد شیخ بھی ڈائریکٹر جنرل کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کان مہترزئی میں قومی شاہراہ سے برف ہٹانے کے جاری آپریشن کا معائنہ کیا، جو ان کی براہِ راست نگرانی میں انجام دیا جا رہا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان نے اس موقع پر بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں ہیوی مشینری کے ہمراہ برفباری سے متاثرہ مختلف علاقوں میں موجود ہیں تاکہ عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔جہانزیب خان نے کہا کہ قومی شاہراہوں سے بروقت برف ہٹا کر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا رہا ہے اور پی ڈی ایم اے کا عملہ عوام کی خدمت اور سڑکوں کی بحالی کے لیے ہمہ وقت مستعد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی برفباری اور بارشوں سے متاثرہ یا ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں ضروری سامان اور مشینری پہنچا دی تھی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی کہ موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کا عملہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔











