لودھراں ،20 جنوری (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر کی بیوٹیفکیشن اور تزئین و آرائش کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سپر چوک، گنگے والا پارک، کینال روڈ، ماڈل مارکیٹ اور چلڈرن پارک کی بیوٹیفکیشن سے متعلق مختلف تجاویز اور آپشنز پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران آرکیٹیکٹ انجینئر رضوان بھٹی نے شہر کی تزئین و آرائش کے لیے مختلف ڈیکوریشن اور ڈیزائن آپشنز پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لودھراں شہر کی بیوٹیفکیشن کو نمایاں اور منفرد انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ سپر چوک پر سڑک کے پائلانز کو خوبصورت انداز میں کور کیا جائے، جبکہ شہر کی خوبصورتی کے لیے منتخب شدہ سکیموں کے تخمینے فوری طور پر لگوائے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈیکوریشن آپشنز کے عین مطابق بیوٹیفکیشن میں نمایاں نکھار لایا جائے۔اجلاس میں گنگے والا پارک کو رنگ برنگی لائٹس سے منور کرنے اور وہاں یادگاری مانومنٹ نصب کرنے، بیوٹیفکیشن والی جگہوں پر سکیورٹی کو یقینی بنانے، ماڈل مارکیٹ کے شیڈز کو کلرفل بنانے اور چلڈرن پارک میں شجرکاری، جاگنگ ٹریک کی مرمت اور انٹری گیٹس کو خوبصورت بنانے کی ہدایات بھی دی گئیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سید وسیم حسن اور لیاقت علی گیلانی، اسسٹنٹ کمشنرز ارم شہزادی اور فیصل ولید، انجینئر رضوان بھٹی، سی اوز عمر مختار اور سید مصلح الدین سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔











