کمشنر عامر کریم خاں کا علی الصبح اندرون شہر کا دورہ، تاریخی فصیل اور قدیم دروازوں کی بحالی کے اقدامات کا جائزہ

29

ملتان، 20 جنوری(اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے  اندرون شہر کا تفصیلی دورہ کیا اور قلعہ ملتان کی تاریخی فصیل اور قدیم دروازوں کی بحالی سے متعلق جاری و مجوزہ اقدامات کا عملی جائزہ لیا۔

اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ اندرون شہر ملتان کو اس کی اصل تاریخی شناخت میں بحال کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے جامع اور پائیدار منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔کمشنر عامر کریم خاں نے دہلی گیٹ، پاک گیٹ، حرم گیٹ اور بوہڑ گیٹ پر تجاوزات کے خلاف سخت اور مسلسل کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ تاریخی ورثے کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 انہوں نے بتایا کہ قدیم فصیل کی بحالی کے لیے جامع منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت دہلی گیٹ سے بوہڑ گیٹ تک فصیل کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کمشنر نے کہا کہ خونی برج سے پاک گیٹ تک فصیل کی بحالی مکمل ہو چکی ہے جبکہ اب دیگر حصوں کی مرمت، تحفظ اور اصل حالت میں بحالی کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے۔

 انہوں نے یقین دلایا کہ تجاوزات کے خاتمے کے دوران قانونی مالکان کو مکمل اور شفاف طریقے سے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔عامر کریم خاں نے مزید کہا کہ تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ ریکارڈ کی باریک بینی سے جانچ کی جائے گی تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں اپنے ورثے کو سنبھال کر رکھتی ہیں اور ملتان کی تاریخی شناخت کی بحالی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اندرون شہر کی خوبصورتی، تاریخ اور ثقافتی شناخت کی بحالی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے تمام ادارے باہمی اشتراک سے کام کریں گے۔