کوئٹہ اور اس کے مضافات میں بارش کا سلسلہ جاری ،برفباری  سے سردی کی شدت میں اضافہ

8

کوئٹہ، 22 جنوری (اے پی پی): صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے مضافات علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری جبکہ ساتھ ساتھ برفباری بھی علاقوں میں شروع ہو چکی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل  کی ہے کہ برفباری اور بارش کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، گرم لباس پہنیں اور تیز ہواؤں سے متاثر ہونے والے علاقوں میں احتیاط برتیں۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سسٹم بلوچستان میں داخل ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں بارش، برفباری اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔شہر کوئٹہ میں ہلکی بارش کے ساتھ سردی کی شدت میں اضافہ، ساتھ ساتھ برفباری بھی جاری ہے ۔مضافاتی علاقوں زیارت، کان مہترزئی، چمن، توبہ اچکزئی اور قلعہ عبداللہ میں برفباری ہو رہی ہے جبکہ مستونگ، سنجاوی، خانوزئی اور مسلم باغ میں بارش کے ساتھ سردی مزید شدید ہو گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی اور ژوب سمیت کئی اضلاع میں برفباری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے تقریباً 25 اضلاع میں بارش اور 9 اضلاع میں برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ دیگر علاقوں جیسے بارکھان، سبی، موسیٰ خیل، گوادر، لسبیلہ، کیچ، آواران، چاغی، لورالائی، تربت، قلات، خضدار، واشک اور خاران میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ تیز ہوائیں (30 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ) چلنے کا امکان ہے جو کمزور ڈھانچوں اور بجلی کے نظام کو متاثر کر سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق یہ موسمی سلسلہ آئندہ ایک ہفتے (تقریباً 21 سے 28 جنوری تک) جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران 22 اور 23 جنوری کو شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ اس دوران ندی نالوں میں طغیانی، سڑکوں پر پھسلن اور معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔