گورنر پنجاب کا برطانیہ کا دورہ، اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، سردار سلیم حیدر خان

11

لاہور، 21 جنوری (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان یورپ کے دورے کے دوران برطانیہ پہنچ گئے جہاں ان کے اعزاز میں گلاسکو کے قونصلیٹ سمیت مختلف تقریبات منعقد کی گئیں۔ برطانیہ پہنچنے پر اوورسیز پاکستانیوں، پاکستانی قونصل جنرل ثمر جاوید، چوہدری اسلم اور دیگر کاروباری و سماجی شخصیات نے گورنر پنجاب کا بھرپور استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت ان کی حوصلہ افزائی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو جھوٹی اور نفرت انگیز ویڈیوز دکھا کر ان کے جذبات کو پاکستان کے خلاف اکسانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر پاکستان اور ملکی اداروں کے خلاف جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلانے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کارروائی کی جائے گی۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستان کے لیے قربانیاں دی ہیں اور اس جماعت کے رہنماؤں اور کارکنوں نے جانوں اور عہدوں کی قربانیاں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سفارتی محاذ پر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ بلاول بھٹو زرداری عوامی مینڈیٹ کے ذریعے پاکستان کے وزیر اعظم ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ایک محب وطن جماعت ہے جس نے کبھی اپنے کارکنوں اور جیالوں کو ملکی اداروں کے خلاف نہیں بھڑکایا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کو شکست دے کر پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور ہماری پاک فوج بہادر ہے جو ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جب بھی پاکستان کو کسی قدرتی آفت یا مشکل وقت کا سامنا ہوا، اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ سمیت دنیا بھر میں پاکستانی اپنے ہنر اور محنت سے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں اور حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو کسی بھی مشکل میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔