پاکستان سیاحت کے شعبے میں پائیدار، ماحول دوست اور سرمایہ کاری کے لیے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے، قیصر احمد شیخ

16

کراچی،21جنوری(اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان سیاحت کے شعبے میں پائیدار، ماحول دوست اور سرمایہ کاری کے لیے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے ۔ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے زیرِ اہتمام سسٹین ایبل ٹورازم فورم اینڈ ایکسپو 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاحت میں سرمایہ کاری روزگار کے مواقع پیدا کرنے، علاقائی ترقی کو فروغ دینے اور برآمدات میں اضافے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ حکومت سیاحت کے شعبے میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے جامع پالیسی اصلاحات پر عمل پیرا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو سہولت اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان میں ماحول دوست سیاحت، حلال ٹورازم اور ثقافتی سیاحت کے شعبوں میں عالمی سطح پر شراکت داری کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے نہ صرف معیشت کو فائدہ ہوگا بلکہ پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور جوائنٹ وینچرز کے ذریعے سیاحت کے شعبے کو نئی جہت دی جا رہی ہے  جس سے جدید انفراسٹرکچر، معیاری خدمات اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔فورم میں اسلامک چیمبر آف کامرس کے زیرِ اہتمام عالمی سرمایہ کاروں، کاروباری رہنماؤں اور مندوبین نے شرکت کی، جنہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ پائیدار سیاحت کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔