اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کی اقوامِ متحدہ میں سالانہ پارلیمانی سماعت میں شرکت

18

اسلام آباد،12 فروری (اے پی پی):سینیٹ آف پاکستان کے چیئرمین،سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد اقوامِ متحدہ میں منعقد ہونے والی سالانہ پارلیمانی سماعت (Annual Parliametary Hearing) میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔

وفد 12 اور 13 فروری کو دو روزہ اجلاس کے دوران متعدد اہم نشستوں میں شرکت کرے گا،جن میں “اقوامِ متحدہ کے 80 سال: تعاون اور شراکت داری کے ذریعے اعتماد اور مقصد کی تجدید”، “عالمی وعدوں کو قومی حقائق میں ڈھالنا”، “جمہوریت کا اندرونی تحفظ: جمہوری زوال کے دور میں پارلیمانی ذمہ داریاں اور تجدید” اور “اقوامِ متحدہ کی مالی معاونت اور اسے مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا” شامل ہیں۔

چیئرمین سینیٹ سالانہ سماعت کے موقع پر اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر اور بین الپارلیمانی اتحاد (Inter-Parliamentary Union) کی صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔

پارلیمانی وفد میں سینیٹر فاروق ایچ نائیک،سینیٹر محمد عبدالقادر، سینیٹر سید فیصل علی سبزواری،شامل ہیں۔

سالانہ آئی پی یو پارلیمانی سماعت 2026 ایک اعلیٰ سطحی عالمی فورم ہے جو بین الپارلیمانی اتحاد  اور اقوامِ متحدہ کے اشتراک سے منعقد کیا جاتا ہے، جہاں دنیا بھر کے اراکینِ پارلیمان، اقوامِ متحدہ کے اعلیٰ حکام، سفارتکار، ماہرین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان شرکت کرتے ہیں۔

یہ سالانہ سماعت 12 تا 13 فروری 2026 کو نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوگی، جو اہم عالمی چیلنجز پر مکالمے اور قومی پارلیمانوں اور اقوامِ متحدہ کے نظام کے مابین تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔

“پارلیمانیں اور اقوامِ متحدہ: عوام کے لیے بہتر انداز میں مشترکہ خدمات” کے عنوان سے منعقد ہونے والا 2026 کا اجلاس امن، پائیدار ترقی، جمہوری حکمرانی اور مؤثر کثیرالجہتی نظام کے فروغ پر توجہ مرکوز کرے گا، جس میں اقوامِ متحدہ کے “پیکٹ فار دی فیوچر” اور وسیع تر اصلاحاتی کوششوں میں کردار ادا کرنا شامل ہے۔

یہ سالانہ پارلیمانی سماعت، جو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ایک دیرینہ مینڈیٹ کے تحت منعقد کی جاتی ہے، پارلیمانی سفارت کاری کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور منتخب نمائندوں کے جامع اور عوام دوست عالمی حل کی تشکیل میں کردار کو اجاگر کرتی ہے۔