نیویارک، 25 فروری ( اے پی پی): اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں یوکرین کی صورتحال پر بریفنگ کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، منصفانہ اور پائیدار امن صرف بامعنی مکالمے اور سفارت کاری سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے چار سال سے جاری اس جنگ کے انسانی المیے اور عالمی سطح پر خوراک و توانائی کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ بین الاقوامی برادری فوری جنگ بندی کے لیے کوششیں تیز کرے اور تمام فریقین اقوامِ متحدہ کے منشور کے تحت ایسے حل کی جانب بڑھیں جو سب کے سلامتی مفادات کا ضامن ہو۔
سفیر عاصم افتخار نے واضح کیا کہ پاکستان شروع دن سے مذاکرات کے موقف پر قائم ہے اور وہ امریکہ کی معاونت سے جاری حالیہ امن عمل سمیت تمام سفارتی کوششوں کی بھرپور تائید کرتا ہے تاکہ خطے میں استحکام اور انسانی تکالیف کا خاتمہ ہو سکے۔











