پسماندہ طبقے کے بچوں کے لیے ‘دانش سکول’  کا سٹیٹ آف دی آرٹ پراجیکٹ عید کے فوراً بعد فعال کر دیا جائے گا،رابعہ نسیم فاروقی

27

اسلام آباد، 25 فروری ( اے پی پی): وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رابعہ نسیم فاروقی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے تعلیمی ایمرجنسی وژن کے تحت وفاقی دارالحکومت میں پسماندہ طبقے کے بچوں کے لیے ‘دانش سکول’  کا سٹیٹ آف دی آرٹ پراجیکٹ عید کے فوراً بعد فعال کر دیا جائے گا۔

 اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے ملک گیر تعلیمی مشن کے تحت اس وقت ملک میں 22 دانش سکول زیرِ تعمیر ہیں، جن کا مقصد نجی اور سرکاری شعبے کے تعلیمی معیار میں فرق کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔ رابعہ نسیم نے کہا کہ اسلام آباد کا یہ منصوبہ چھٹی سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے ہاسٹل، جدید لیبارٹریز اور لڑکوں و لڑکیوں کے لیے الگ الگ پریمیسز جیسی عالمی معیار کی سہولیات سے آراستہ ہے جو کسی بھی بڑے نجی تعلیمی ادارے کے ہم پلہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ وزیراعظم کے دل کے بہت قریب اور ایک ‘صدقہ جاریہ’ ہے، جس کے ذریعے ان مستحق بچوں کو بہترین تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں گے جو مالی وسائل کی کمی کے باعث پیچھے رہ جاتے ہیں۔