اقوام متحدہ کی ساکھ کو بڑھانے کے لیے جمہوری،شفاف اور جوابدہ فیصلہ سازی ضروری ہے،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

15

اقوام متحدہ،13فروری (اے پی پی): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ساکھ کو بڑھانے کے لیے جمہوری، شفاف اور جوابدہ فیصلہ سازی ضروری ہے،اور پارلیمانیں بین الاقوامی وعدوں پر قومی سطح پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں ناگزیر شراکت دار ہیں۔

 اقوامِ متحدہ کی سالانہ آئی پی یو سماعت 2026 کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اصلاحات ناگزیر ہیں، لیکن یہ اصول ہونا چاہیے: ‘سب کے لیے اصلاحات، کسی کے لیے خصوصی مراعات نہیں۔’

سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پاکستان کا چھ رکنی اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد دو روزہ سالانہ پارلیمانی سماعت میں شرکت کے لیے اقوام متحدہ میں موجود ہے۔وفد میں سینیٹر سلیم مندوی والا، سینیٹر فاروق ایچ نائیک، سینیٹر محمد عبدالقادر، سینیٹر سید فیصل علی سبزواری، اور نیشنل اسمبلی کے رکن ملک محمد عامر ڈوگر شامل ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے اقوام متحدہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ آج بھی کثیرالجہتی تعاون کا بنیادی ستون ہے اور اس کی عالمگیر رکنیت اور منشور پر مبنی مینڈیٹ عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں موسمیاتی تبدیلی،پرتشدد تنازعات اور بڑھتی ہوئی معاشرتی و اقتصادی عدم مساوات جیسے بحران اقوام متحدہ کی تینوں ستونوں پر مؤثر عملدرآمد کی صلاحیت کو محدود کر رہے ہیں۔ یہ دباؤ خصوصاً گلوبل ساؤتھ پر زیادہ اثر ڈال رہا ہے اور ترقی کے مشکل سے حاصل کردہ نتائج کو متاثر کر رہا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ نظامی چیلنجز کسی ایک ملک کی تنہا کوشش سے حل نہیں ہو سکتے۔ اقوام متحدہ پر اعتماد کی تجدید مضبوط کثیرالجہتی تعاون پر مبنی ہونی چاہیے،اور اس کے لیے مناسب،قابلِ پیش گوئی اور پائیدار مالی وسائل فراہم کرنا ضروری ہیں تاکہ وہ اپنے مینڈیٹ کو مؤثر انداز میں پورا کر سکے۔

انہوں نے گزشتہ سال انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کی سرپرستی کی عکاسی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اقوام متحدہ، آئی پی یو اور آئی ایس سی کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ مشترکہ عالمی اہداف کو آگے بڑھایا جا سکے۔