ملتان 13 فرو ری)اے پی پی):کمشنر ملتان عامر کریم خاں سے برٹش ہائی کمیشن کے بین وارنگٹن کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ اور مقامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ملتان ڈویژن میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور باہمی تعاون کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔ کمشنر عامر کریم خاں نے برٹش ہائی کمیشن کے نمائندے کو ڈویژنل انتظامیہ کی ترجیحات اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔
کمشنر نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ملتان ڈویژن میں جاری 72 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج پر بھی تفصیلی بریفنگ دی جبکہ حکومت پنجاب کی ترقیاتی حکمتِ عملی اور پی ڈی پی کے تحت جاری منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں برٹش ہائی کمیشن نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ ملتان ڈویژن کے علاقوں میں بحالی پروگرامز شروع کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ جامع منصوبہ جلد تیار کر کے متعلقہ فورم کو پیش کیا جائے گا تاکہ بحالی کا عمل شروع ہو سکے۔دونوں فریقین نے باہمی روابط اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔











