بہاولپور، 12 فروری )اے پی پی):ترجمان ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے قلعہ دراوڑ میں جاری 21ویں انٹرنیشنل چولستان جیپ ریلی و کلچرل فیسٹیول 2026 کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے گاڑی نمبر 707 کو ٹریک پر روانہ کر کے دوسرے روز کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خود گاڑی میں بیٹھ کر ٹریک کا معائنہ بھی کیا اور جیپ ریلی میں شریک مختلف گاڑیوں کی فٹنس چیک کی۔
ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے حکام نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو ریلی کے انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 21ویں چولستان جیپ ریلی میں 155 مختلف کیٹگریز کے ریسرز حصہ لے رہے ہیں جبکہ ریلی کا ٹریک تقریباً 500 کلومیٹر پر مشتمل ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ایونٹ میں مقامی، قومی اور بین الاقوامی ریسرز شریک ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ پانچ روزہ چولستان جیپ ریلی میں مقامی اور قومی ثقافت کے رنگ نمایاں ہیں اور یہ ایونٹ بین الاقوامی سطح پر نمایاں پذیرائی حاصل کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چولستان جیپ ریلی اور کلچرل فیسٹیول کے لیے شاندار انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شرکاء اور سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیپ ریلی کے انعقاد میں ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، پولیس اور دیگر متعلقہ محکمے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر سپیشل سیکریٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس جنوبی پنجاب آفتاب پیرزادہ، پرسنل اسٹاف آفیسر غلام سرور اور دیگر افسران بھی ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب کے ہمراہ موجود تھے۔











