بدین: یوم کشمیر ی عوام سے اظہار یکجہتی ، ڈی سی آفس سے شہید محترمہ بینظیر بھٹوچوک تک ریلی کا انعقاد

20

بدین5 فروری(اے پی پی): یومِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی منانے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی اور وائس چیئرمین ضلع کونسل بدین فدا حسین میندھرو کی قیادت میں ڈی سی آفس سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو چوک تک ریلی نکالی گئی۔

 ریلی میں تعلیم، صحت، پولیس، ریونیو، اطلاعات، ایکسائز محکمہ، ریسکیو 1122، سماجی تنظیموں، میڈیا، اقلیتوں اور سول سوسائٹی سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی نے کہا کہ آج کا دن کشمیری عوام کی جدوجہد کو سرخ سلام پیش کرنے کے لیے منایا جا رہا ہے۔ کشمیری عوام پر بھارتی فوج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کھلی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔ دنیا بھر میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔ کشمیری عوام برسوں سے ظلم و جبر برداشت کر رہے ہیں، یہ ظلم اب بند ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور اس کی آزادی کے لیے ہم ہر وقت تیار ہیں۔ ان شاء اللہ ایک دن کشمیر ضرور آزاد ہوگا اور بھارت کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بدین کے عوام کا جوش و جذبہ قابلِ دید ہے اور وہ ہر وقت اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو بھی کشمیری عوام کی جدوجہد اور بھارت کے مظالم سے آگاہ کرنا چاہیے ریلی کے دوران کشمیری شہداء کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔

ریلی سے وائس چیئرمین ضلع کونسل فدا حسین میندھرو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ظہور احمد عباسی، چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل اشوک کمار، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبدالغفار کھوسہ، ڈی ایس پی پیر شبیر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری انور پارابی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، اسسٹنٹ کمشنر بدین راجیش دلپت، ایجوکیشن فوکل پرسن محمد خان سموں، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر عبدالفتاح جونیجو، اسسٹنٹ منیجر انڈس اسپتال واثق میمن، ڈسٹرکٹ اسکاؤٹ سیکریٹری میر محمد کھوسہ، ایجوکیشن آفیسر ممتاز میمن اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔

مقررین نے کہا کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستانی قوم غیور اور بہادر کشمیریوں کے جذبہ حب الوطنی اور شہداء کشمیر کو سلام پیش کرتی ہے اور یہ مطالبہ کرتی ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے پاکستانی قوم ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔