واشنگٹن، 20 فروری (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے واشنگٹن میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ آف پیس کے حالیہ اجلاس میں پاکستان کو حاصل ہونے والی غیر معمولی پذیرائی موجودہ قیادت کی کامیاب خارجہ پالیسی کا مظہر ہے، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے عالمی امن کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا ہے۔ وزیر اطلاعات نے اس پیش رفت کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر اور وزیراعظم کے درمیان ہونے والی خوشگوار اور گرمجوش گفتگو باہمی اعتماد کی عکاس ہے،جس نے پاکستان کو ماضی کی سفارتی تنہائی سے نکال کر عالمی سطح پر ایک موثر اور نمایاں پلیئر کے طور پر لا کھڑا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ اور ایس سی او سمیت ہر عالمی فورم پر فلسطینی عوام کا مقدمہ جس جرات مندی سے پیش کیا اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے جو دو ٹوک موقف اختیار کیا،وہ نہ صرف ہر مسلمان کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافے کا باعث بھی بنا ہے، کیونکہ جب قیادت ایماندار ہو اور قومی مفاد کو مقدم رکھے تو نتائج ہمیشہ مثبت برآمد ہوتے ہیں۔











