اسلام آباد،20 فروری(اے پی پی):رمضان المبارک کی بابرکت آمد کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر فیصل آباد کو نوری مجسموں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جس سے شہر کی فضا روحانی روشنی اور جمالیاتی حسن سے جگمگا اٹھی ہے۔
شہر کی اہم شاہراہوں، چوراہوں اور عوامی مقامات پر رنگ برنگی لائٹس آویزاں کی گئی ہیں، رات کے اوقات میں برقی قمقموں کی روشنی سے شہر کا منظر دیدہ زیب ہو جاتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات رمضان المبارک کے پرتپاک استقبال اور شہری خوبصورتی کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے ہیں۔
اسی سلسلے کی ایک نمایاں کڑی سوساں روڈ پر جدید لائٹ سکلپچر کی تنصیب ہے، جس کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ریٹائرڈ) ندیم ناصر نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی، ڈی جی پی ایچ اے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔
افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی کے منصوبے جاری رہیں گے اور شہریوں کو ایک صاف ستھرا، روشن اور پرکشش ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔سوساں روڈ پر نصب جدید لائٹ سکلپچر شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، بڑی تعداد میں شہری وہاں کا رخ کر رہے ہیں اور تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں۔
شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں شہر کی سجاوٹ سے خوشی اور مسرت کا احساس بڑھا ہے۔یہ اقدام اس امر کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ شہری ترقی صرف انفراسٹرکچر تک محدود نہیں بلکہ اس میں ثقافتی، روحانی اور جمالیاتی پہلو بھی شامل ہیں۔ رمضان المبارک رحمت، برکت اور روشنی کا مہینہ ہے، اور فیصل آباد کو نوری مجسموں اور برقی قمقموں سے سجانا دراصل اسی روشنی کو شہر کی گلیوں اور شاہراہوں تک منتقل کرنے کی ایک علامتی کوشش ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر کے دیگر مقامات پر بھی تزئین و آرائش کے منصوبے جاری ہیں تاکہ فیصل آباد کو ایک جدید اور خوبصورت شہر کے طور پر اجاگر کیا جا سکے۔
۔











