راولپنڈی، 22 فروری ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کی عوام کا اعتماد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر دن بدن مضبوط ہو رہا ہے اور حالیہ سیاسی شمولیتیں اس اعتماد کا واضح ثبوت ہیں۔وہ پی ٹی آئی کے سابق رہنما اور سابق ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ مجاہد خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیتی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
اپنے خطاب میں انجینئر امیر مقام نے سابق ایم ایل اے راجہ مجاہد خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کا اظہار ہے کہ عوام خدمت، دیانت اور ترقی کی سیاست کو پہچان چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ کارکردگی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ عوام کا اعتماد اس جماعت پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف نے اپنے ادوار حکومت میں آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے تاریخی اقدامات کیے۔ سڑکوں کی تعمیر، توانائی منصوبوں کا آغاز، تعلیمی اداروں کا قیام اور انفراسٹرکچر کی مضبوطی ان کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے عالمی سطح پر کشمیر کاز کو جرات مندانہ انداز میں اجاگر کیا اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی بھرپور وکالت کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ پانچ دانش اسکولوں کے قیام کا عمل جاری ہے جبکہ دانش یونیورسٹی کے قیام پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو معیاری اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع مقامی سطح پر میسر آئیں۔ صحت کارڈ کی سہولت کے ذریعے عام آدمی کو مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ انفراسٹرکچر، توانائی، سیاحت اور روزگار کے شعبوں میں بھی عملی پیش رفت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تعمیر و استحکام کی سیاست پر یقین رکھتی ہے،انہوں نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 37 نکات میں سے 17 پر مکمل عملدرآمد ہو چکا ہے۔ کابینہ کا حجم 20 تک محدود کرنا، معطل ملازمین کی بحالی، پرتشدد واقعات کے متاثرین کو معاوضہ، زخمیوں کو 12 کروڑ روپے کی ادائیگی، 177 ایف آئی آرز کی واپسی، بجلی میٹرز کی ای ٹینڈرنگ، احتساب قوانین کو نیب قوانین سے ہم آہنگ کرنا اور پونچھ و مظفرآباد میں نئے تعلیمی بورڈز کا قیام سمیت متعدد اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہاجرین نشستوں کے حوالے سے آئینی کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے جس کا اجلاس 26 فروری کو ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ہسپتالوں میں ایم آر آئی اور سی ٹی سکین مشینوں کی فراہمی کے لیے ساڑھے پانچ ارب روپے کے پی سی ون پر کام جاری ہے، کہوٹہ آزاد پتن روڈ کی فزیبلٹی مکمل ہو چکی ہے جبکہ میرپور ایئرپورٹ کی تعمیر کی رپورٹ وزیر دفاع کو پیش کی جا چکی ہے۔ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کو شیڈولڈ بینک کا درجہ دینے کے لیے اس کے ذخائر 10 ارب روپے تک بڑھانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کوشاں ہے اور آئندہ بھی ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھا جائے گا۔











