راولپنڈی, 18 فروری (اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر راولپنڈی میں استقبال رمضان کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں اور مرکزی شاہراہوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔
ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی زیر نگرانی شہر بھر میں خصوصی سجاوٹ کی گئی۔ مری روڈ کو خوبصورت برقی قمقموں سے آراستہ کیا گیا جبکہ مختلف مقامات پر روشنی سے مزین رمضان مبارک کے دلکش بورڈز بھی نصب کر دیے گئے ہیں۔
مزید برآں میٹرو بس پل کے پائی دانوں کو بھی رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے جس سے شہریوں کو دلکش مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ شہر کو رمضان تھیم کے مطابق خصوصی لائٹنگ سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ خوبصورتی میں اضافہ ہو اور شہریوں کو بابرکت مہینے کے دوران روح پرور ماحول میسر آسکے۔
ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی احمد حسن رانجھا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق راولپنڈی کو رمضان کریم کے استقبال کے لیے خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوبصورت ماحول فراہم کرنے کے لیے ادارہ بھرپور محنت کر رہا ہے اور عوام کو سہولت دینے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہری رمضان المبارک میں عبادات کے ساتھ ساتھ خوشگوار ماحول سے بھی لطف اندوز ہوں گے۔











