ملتان21، فروری(اے پی پی ): ڈویژنل و ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے کمشنر ملتان عامر کریم خاں سے ملاقات کی جس میں ماہِ رمضان المبارک کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی، باہمی احترام اور رواداری کے فروغ سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات خوشگوار اور سنجیدہ ماحول میں منعقد ہوئی جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علما کرام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران علما کرام نے اس امر پر زور دیا کہ رمضان المبارک صبر، برداشت، ایثار، اخوت اور خیرخواہی کا مہینہ ہے، جس میں معاشرے کے کمزور اور نادار طبقات کا خصوصی خیال رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد اور مدارس سے اتحاد بین المسلمین، امن و محبت اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی فرقہ واریت یا انتشار کو پنپنے کا موقع نہ مل سکے۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ رمضان المبارک کے دوران پرامن اور روحانی فضا کے قیام کیلئے تمام ضروری اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے علما کرام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مذہبی رہنما معاشرے کی اصلاح میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی رہنمائی سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان میں مساجد، امام بارگاہوں اور بازاروں کے اطراف سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے، ناجائز منافع خوری کے تدارک اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے خصوصی ٹیمیں متحرک رہیں گی۔اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ خطباتِ جمعہ اور دیگر مذہبی اجتماعات میں تحمل، برداشت اور قانون کی پاسداری کا پیغام دیا جائے گا تاکہ پورا معاشرہ رمضان المبارک کی برکتوں سے مستفید ہو سکے۔ملاقات میں علامہ محمد فاروق خان سعیدی، مفتی محمد عثمان پسروری، مولانا محمد سلیم بلالی، طارق ناظر، میاں محمد وسیم اور محمد عبداللہ سمیت دیگر معززین بھی شریک تھے، جنہوں نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔











