خانیوال میں اہم سرکاری پراپرٹی پر مبینہ ناجائز قبضے کا انکشاف، کمشنر ملتان کا فوری نوٹس

26

ملتان 20 فروری (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے خانیوال میں اہم سرکاری پراپرٹی پر مبینہ ناجائز قبضے کے انکشاف کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خانیوال کو تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق موضع سول لائن خانیوال کی قیمتی سرکاری جائیداد پر غیر قانونی تصرف کی شکایات سامنے آئی تھیں، جس پر کمشنر ملتان نے معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری املاک کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ اے ڈی سی آر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جائے جس میں اسسٹنٹ کمشنر خانیوال سمیت دیگر متعلقہ افسران کو شامل کیا جائے۔ کمیٹی کو تمام ریکارڈ کی جانچ پڑتال، ذمہ داران کے تعین اور حقائق سامنے لانے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تحقیقات مکمل ہونے تک متعلقہ پراپرٹی کی خرید و فروخت پر پابندی عائد رہے گی تاکہ شواہد اور سرکاری مفاد کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ کمیٹی دو ہفتوں کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی جس کی روشنی میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کمشنر ملتان نے کہا کہ سرکاری زمینوں پر قبضہ یا بے ضابطگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔