اسلام آباد، 20 فروری (اے پی پی): رمضان المبارک کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ بین المذاہب ہم آہنگی و امن کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام اور ضلعی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے کی جبکہ اسلام آباد پولیس کی نمائندگی ڈی آئی جی جواد طارق نے کی۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران سحری، افطار اور بالخصوص تراویح کے اوقات میں مساجد میں سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں کیٹگری وائز تمام مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کو حتمی شکل دے دی گئی۔ سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے رضاکاروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔اجلاس میں اس امر کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران ضلعی انتظامیہ، پولیس اور علماء کرام کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔
رمضان بازاروں، دسترخوانوں اور رش والے مقامات کی مؤثر مانیٹرنگ بھی جاری رہے گی۔علماء کرام کی جانب سے مساجد کے حوالے سے پیش کی گئی تجاویز پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی گئی، مختلف کیٹگریز کے تحت تمام مساجد کے باہر سکیورٹی کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ اہم مقامات اور مساجد کی نگرانی سیف سٹی اور نجی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ رمضان المبارک کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے ، اجلاس میں تمام علماء کرام کی تجاویز کو فردا فردا سنا گیا۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور رمضان المبارک کی برکتوں کے حصول کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔











