رمضان میں گراں فروشوں کے خلاف میگا کریک ڈاؤن، 5 لاکھ جرمانہ، 7 گرفتار

14

ملتان ،21 فروری (اے پی پی ):ماہِ رمضان المبارک کے دوران مصنوعی مہنگائی کرنے والے عناصر کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دو روز میں 5 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کردیا جبکہ 7 گراں فروشوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس نے ضلع بھر میں اشیائے خوردونوش کے سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد کرانے کیلئے کارروائیاں کیں۔ اس دوران 14 دکانیں اور گودام سربمہر کیے گئے اور متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔پرائس ایکٹ کے تحت 2 گراں فروشوں کو حوالات میں بند کردیا گیا جبکہ شجاع آباد کے علاقے میں ذخیرہ کی گئی گندم بھی برآمد کرلی گئی۔ انتظامیہ کے مطابق منڈیوں سے مارکیٹوں تک اشیائے ضروریہ کی سستی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے اور سرکاری ریٹ لسٹیں تمام مقامات پر نمایاں طور پر آویزاں کی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے دوران روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا اور عوام کو لوٹنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔