اسلام آباد،17 فروری(اے پی پی ): وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ سہ روزہ “تیسرے نیشنل اسٹوڈنٹس گیمز 2026” بحریہ اسکول اور ریفا یونیورسٹی کی شاندار کامیابیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئیں ۔ ملک بھر سے 120 سے زائد تعلیمی اداروں کی شرکت کے ساتھ ہونے والے ان مقابلوں میں بحریہ اسکول اسلام آباد نے انڈر-15 کیٹیگری میں 4900 پوائنٹس، لیب اسکول کراچی نے انڈر-17 میں 1900 پوائنٹس، دی پیس کالج اسلام آباد نے اے لیول اور انٹرمیڈیٹ کیٹیگری میں 1500 پوائنٹس، جبکہ ریفا یونیورسٹی نے انڈر-25 یونیورسٹی لیول پر 3500 پوائنٹس حاصل کر کے جنرل ٹرافیاں اپنے نام کیں۔
ایونٹ میں چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر کی ٹیموں نے 26 مختلف کھیلوں، بشمول باسکٹ بال، کرکٹ، فٹسال اور پکل بال میں حصہ لیا۔
اختتامی تقریب میں پاکستان اسٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول آرائیں، ام لیلیٰ کلثوم، عائشہ رزاق، ندیم منظور بیگا، عرفان اصغر بٹ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کر کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور ملک بھر سے آئے ہوئے کوچز اور اساتذہ کی خدمات کو سراہا۔











