سینئر اکنامک اینالسٹ اور سابق مشیر وزارتِ خزانہ خاقان حسن نجیب کی اے پی پی سے خصوصی گفتگو

13

اسلام آباد، 27فروری(اے پی پی):سینئر اکنامک اینالسٹ اور سابق مشیر وزارتِ خزانہ خاقان حسن نجیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس موجود معاشی مواقع اور استحکام کا ماحول ملک کی ترقی کے لیے اہم بنیاد فراہم کرتا ہے، اور اس کا مؤثر استعمال پالیسی سازی اور اقتصادی نظم و نسق کو مزید مضبوط بنا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی، صوبائی اور مقامی سطح پر مربوط حکمتِ عملی کے ذریعے پائیدار ترقی کی بنیاد مضبوط کی جا سکتی ہے۔

اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بہتر توانائی استعداد، سازگار پالیسی فریم ورک اور میکرو اکنامک استحکام پاکستان کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتے ہیں۔ ان کے مطابق آئندہ مرحلے میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو برآمدات پر مبنی صنعتوں، آئی ٹی، زراعت اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں کی طرف راغب کرنا چاہیے تاکہ معیشت کو پائیدار بنیادوں پر آگے بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کا مقصد صرف مالی وسائل کا حصول نہیں بلکہ ٹیکنالوجی، مینجمنٹ اور مہارتوں کی منتقلی بھی ہونا چاہیے، جس سے مقامی صنعت عالمی ویلیو چین میں مؤثر انداز میں شامل ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق پیداواری صلاحیت میں اضافہ، برآمدات کا فروغ اور سرمایہ کاری سے جی ڈی پی میں بہتری ممکن ہے۔

خاقان حسن نجیب نے مزید کہا کہ زراعت، مینوفیکچرنگ، آئی ٹی اور ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل جیسے شعبوں میں نمایاں امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو باضابطہ مالیاتی سہولیات اور جدید مہارتوں تک رسائی دے کر قومی معیشت میں ان کا کردار مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق مربوط اقتصادی حکمتِ عملی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہی پاکستان کو پائیدار اور تیز رفتار ترقی کی جانب لے جا سکتا ہے۔