صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے آفس آمد، بورڈ کے 8ویں اجلاس کی صدارت

14

لاہور، 27 فروری (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر کا دورہ کیا اور اتھارٹی کے بورڈ کے 8ویں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں 20 نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ڈی جی پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی سارہ رشید نے مختلف ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2019 میں بعض ترامیم کی منظوری دی گئی۔ منظور شدہ ترامیم کی تجاویز حتمی منظوری کیلئے پنجاب کابینہ کو ارسال کی جائیں گی، جس کے بعد انہیں پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ مجوزہ ترامیم ادارے کے انتظامی امور، ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ اور بہتر سہولیات کی فراہمی سے متعلق ہیں۔بورڈ نے ادارے کی ورکنگ کو مزید مؤثر بنانے کیلئے 3 نئی گاڑیوں کی خریداری اور مونیٹائزیشن کے عمل کی اصولی منظوری بھی دی۔ گاڑیوں کی خریداری فنانس ڈیپارٹمنٹ کی مشاورت اور منظوری سے عمل میں لائی جائے گی۔ مزید برآں، عوامی آگاہی کیلئے اتھارٹی کے اپنے فنڈز سے ورکشاپس، تربیتی پروگرامز اور سیمینارز کے انعقاد اور تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کیلئے ادائیگی کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں بورڈ کے گزشتہ اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی جبکہ ادارے سے منسلک مختلف کمپنیوں کی رپورٹس اور فنی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن سے متعلق پراگریس رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ بعض ایجنڈا آئٹمز کو مؤخر کر دیا گیا۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار قائم کیا گیا جاب پورٹل مکمل طور پر فعال ہے۔ جاب پورٹل کو انڈسٹری، وفاقی ادارے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) اور دیگر متعلقہ اداروں سے منسلک کیا گیا ہے، جس کے باعث یہ پورٹل انڈسٹری کو ضرورت کے مطابق ہنر مند افرادی قوت اور نوجوانوں کو روزگار کے حصول میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ادارے آن لائن رجسٹریشن حاصل کر سکتے ہیں اور انہیں گھر کی دہلیز پر رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صنعتی ترقی کیلئے معیاری فنی تعلیم کا فروغ اور انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری ناگزیر ہے۔ مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت نے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے معیار کی بہتری کیلئے مؤثر لائحہ عمل اپنایا ہے۔ کورسز کو انڈسٹری کی ضروریات اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز سے ٹیوٹا کے اداروں کی لیبز کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل معیاری فنی تعلیم کے فروغ سے جڑا ہے اور نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرکے ملک و قوم کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔اجلاس میں پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی سارہ رشید، بورڈ ممبران اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔