صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ اجلاس، 46 شہروں میں اربوں روپے کی بچت

14

لاہور، 26 فروری (اے پی پی): صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں اور سپیشل سیکرٹری آسیہ گل نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر کو 46 شہروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ شفاف ٹینڈرنگ کے عمل کے بعد اب تک 12 ارب روپے کی بچت ممکن بنائی گئی ہے۔اجلاس میں تعمیراتی سائٹس پر سیفٹی آڈٹ کے لیے ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ کھدائی والی سائٹس سے متعلق جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ذیشان رفیق نے بتایا کہ 52 سکشن اور 52 جیٹنگ مشینوں کی خریداری کے لیے ورک ایوارڈ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ 100 ڈی واٹرنگ سیٹ اور 82 ڈی سلٹنگ مشینیں بھی استعمال میں لائی جائیں گی۔ بارانی پانی کے نکاس اور زیر زمین سٹوریج ٹینکس کی تعمیر پر بھی کام شروع ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیوریج لائن کی مجموعی لمبائی 5397 کلومیٹر جبکہ ڈرینز کی لمبائی 181 کلومیٹر ہوگی۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 67 انڈر گراؤنڈ ٹینکس تعمیر کیے جائیں گے اور مختلف شہروں میں 33 ہزار 160 مین ہول کورز نصب کیے جائیں گے۔صوبائی وزیر کے مطابق 56 نئے ڈسپوزل اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے جبکہ موجودہ 61 اسٹیشنز کی بحالی کی جائے گی۔ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو سولرائزڈ کرنا بھی پروگرام کا حصہ ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شہروں میں 6100 کلومیٹر طویل گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی جائے گی جبکہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس میں یومیہ 323 ملین گیلن پانی فلٹر کرنے کی صلاحیت ہوگی۔وزیر بلدیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہری سہولیات میں نمایاں بہتری لا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔