فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مظفرآباد کا دورہ، کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت، آزادی کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعادہ

13

راولپنڈی۔5فروری  (اے پی پی):چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے  مظفرآباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تحریکِ آزادی کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جموں و کشمیر شہداء یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو سراہا۔

دورے کے دوران معززین اور سابق فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور ہندوتوا نظریے کے تحت کی جانے والی زیادتیاں کشمیری عوام کی جائز جدوجہد اور ان کے عزم کو کمزور کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر جلد عوامی خواہشات اور ان کی تقدیر کے مطابق آزادی کی صبح دیکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک تمام عالمی فورمز پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی آواز بلند کرتا رہے گا اور اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرے گا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے کشمیر میں تعینات افسران اور جوانوں کی بلند حوصلگی، پیشہ ورانہ مہارت، غیر متزلزل عزم اور مشکل حالات میں اعلیٰ سطح کی جنگی تیاری کو سراہا۔ انہوں نے ہر قسم کی ممکنہ جارحیت کے مؤثر سدباب کے لیے ہمہ وقت چوکسی، اعلیٰ آپریشنل تیاری اور تمام شعبوں میں مربوط ہم آہنگی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر انہوں نے ایک اگلے مورچے کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے محاذِ اول پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی جارحیت کا فوری، بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا اور مسلح افواج بدلتے ہوئے سیکورٹی ماحول میں روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

اس سے قبل مظفرآباد پہنچنے پرچیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کمانڈر راولپنڈی کور نے کیا۔