فیصل آباد،5 فروری (اے پی پی) کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر اپنے کشمیری بھائیوں کو باورکرانا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ تمام پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمشنرفیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے غیر متزلزل عزم اوربلند حوصلے کو سلام پیش کیا اور کہا کہ 5 فروری عالمی برادری کو یاد دہانی کراتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار داد کی روشنی میں کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کا حق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عالمی برادری سے یہ سوال پوچھنے کیلئے حق بجانب ہیں کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق انہیں بنیادی حق سے کیوں محروم رکھا جا رہاہے۔مودی سرکار نے غیر آئینی اورغیر قانونی ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنارکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ریاستی جبر وتشدداورکشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کر کے کشمیریوں کو آزادی کے حق سے محروم نہیں رکھ سکتا۔انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور انداز میں منانے کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ ودیگر معاون محکموں کی کاوشوں کو سراہا۔
ڈپٹی کمشنر ندیم ناصرنے کہا کہ نام نہاد جمہوریت کے دعویداروں کا سیاہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اپنی آزادی اور بقاکی جنگ لڑ رہے ہیں اور کشمیر تقسیم ہند کا نا مکمل ایجنڈا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنے خون سے نئی تاریخ رقم کی ہے اور اس دلیرانہ جدوجہد کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ بھارت کے روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
یوم یکجہتی کشمیر سیمینار سے مسلم لیگی رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا۔طالب علموں نے کشمیریوں کے حق میں پراثر تقریراورملی نغمے پیش کئے۔قبل ازیں پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے جھنڈے لہرائے اور قومی ترانے بجائے گئے۔
اس موقع پرڈپٹی کمشنرندیم ناصر،مسلم لیگی رہنما حاجی اکرم انصاری،عمر اسرار خاں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس،اسسٹنٹ کمشنرسٹی عادل عمر،سی ای او ایجوکیشن راؤ عبدالکریم،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم،سی او کارپوریشن ملک مرتضی،ڈپٹی چیف آفیسر عظمت فردوس،ممبر امن کمیٹی مولانا محمد ریاض کھرل،،طالب علموں، اساتذہ سمیت سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے مختلف شعبوں کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔











