قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

10

راولپنڈی،033فروری  (اے پی پی):قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ منگل کو صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نورخان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار،وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام بھی  قازقستان کے صدر کے استقبال کیلئے موجود تھے۔ قازقستان کے صدر طیارے سے باہر آئےتو صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نےان سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے انہیں پھول پیش کئے۔قازقستان کے صدر کا اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم سے خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔ دونوں ممالک کے پرچم تھامے بچوں نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا،قاسم جو مارت توکا یووف نے ہاتھ ہلا کر استقبال کے لیے موجود بچوں کو جواب دیا۔ قازقستان کے صدر کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

قاسم جومارت توکایووف صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔اس کے علاوہ وہ پاکستان قازقستان بزنس فورم سے خطاب بھی کریں گے۔یہ دورہ دونوں ممالک کے لیے دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لینے، تعاون کے نئے مواقع پر غور کرنے بالخصوص تجارت، لاجسٹکس، علاقائی رابطہ کاری، عوامی روابط کے فروغ اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر تعاون کے امکانات کو دریافت کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔ قازقستان کے صدر کا دورہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان مضبوط ہوتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، تاریخی و ثقافتی قربتوں کو موثر عملی تعاون میں بدلنے کے باہمی عزم کو اجاگر کرتا ہے اور خطے میں امن و ترقی کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ خواہش کی نمائندگی کرتا ہے۔