اسلام آباد، 03 فروری (اے پی پی): ریسرچ سوسائٹی آف انٹرنیشنل لا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جمال عزیز نے کہا ہے کہ قانونی تعلیم اور پیشہ ورانہ معیار میں بہتری کے لیے منعقدہ قومی کانفرنس ایک بروقت اور اہم اقدام ہے جس میں ملک بھر سے بار کونسلز بار ایسوسی ایشنز عدالتی اکیڈمیز لیگل پروفیشنلز اور 20 سے زائد یونیورسٹیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد قانونی اداروں اور عوام کے درمیان اعتماد کے فقدان کو دور کرنے کے لیے تعلیمی اور پیشہ ورانہ معیار قانونی اخلاقیات اور محفوظ ورک پلیس کلچر کو بہتر بنانا تھا جبکہ مصنوعی ذہانت اور عدالتی ڈیجیٹائزیشن سمیت جدید ٹیکنالوجی کے کردار پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
جمال عزیز نے بتایا کہ کانفرنس میں نصاب اساتذہ کی اہلیت بار ووکیشنل کورسز اور تربیتی نظام میں یکسانیت پر زور دیا گیا جبکہ شرکاء نے ورکنگ گروپس کے ذریعے قابلِ عمل تجاویز مرتب کیں جنہیں ریسرچ سوسائٹی آف انٹرنیشنل لا اور ڈائریکٹوریٹ آف لیگل ایجوکیشن باقاعدہ سفارشات کی صورت میں متعلقہ اداروں اور بار کونسلز کے ساتھ شیئر کریں گے۔











