ملتان،21 فروری (اے پی پی )؛کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت ماہِ صیام کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژن بھر میں جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے واضح ہدایت کی کہ رمضان نگہبان کارڈ میں رقم کٹوتی کرنے والے کسی بھی دکاندار کے خلاف فوری مقدمہ درج کر کے گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لینے اور ناقص کارکردگی پر سرنڈر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کی جانچ جاری ہے اور بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو عید کے بعد انعام دیا جائے گا۔عامر کریم خاں نے رمضان دسترخوان پر عوامی رش میں اضافے کے پیش نظر پارکنگ اور سکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کی تاکید کی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا۔ انہوں نے مصنوعی مہنگائی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے لیے ڈیمانڈ اینڈ سپلائی چین کی مؤثر نگرانی کی ہدایت کی۔ آٹا سیل پوائنٹس پر آٹے کے معیار کو ہر صورت یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ رمضان نگہبان کارڈز کی مجموعی تقسیم 71 فیصد مکمل ہو چکی ہے اور اب تک 2 لاکھ 4 ہزار 547 کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ ڈویژن بھر میں 31 دسترخوان فعال ہیں جہاں یومیہ 7 ہزار 368 افراد مستفید ہو رہے ہیں۔بریفنگ کے مطابق ڈویژن میں 5 سہولت بازار قائم ہیں جہاں روزانہ 13 ہزار 785 سے زائد شہری خریداری کر رہے ہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 7 ہزار 324 انسپکشنز کے دوران 3 لاکھ 61 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف 2 کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے ایک مقدمہ درج کیا گیا۔مزید بتایا گیا کہ 4 ہزار 775 جامع مساجد میں سے 3 ہزار 128 کی صفائی مکمل کی جا چکی ہے جبکہ 235 آٹا سیل پوائنٹس پر مختص 18 ہزار 525 بیگز میں سے 14 ہزار 161 بیگز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ کمشنر نے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔











