لاہور،25فروری ( اے پی پی ): سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ ایک ہی آسامی پر تین سال سے زائد عرصہ سے تعینات افسران و ملازمین کو حکومتی پالیسی کے مطابق مرحلہ وار تبدیل کیا جائے گا، کیونکہ کسی بھی عہدے کے لیے کوئی فرد ناگزیر نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے واضح ویژن کے تحت اداروں کی مضبوطی، سروس ڈلیوری میں بہتری اور ملازمین کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور محکمہ اوقاف میں اصلاحات مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر نافذ کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے داتا دربار، بی بی پاکدامن، داتا دربار ہسپتال، لاہور زون (ویسٹ)، لاہور زون (ایسٹ) اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ محکمانہ مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، خصوصاً مزارات کے کیش بکسز کی آمدن سے متعلق بے ضابطگیوں پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ فنانس رپورٹس میں بعض مزارات کی آمدن کم ظاہر کیے جانے کی نشاندہی ہوئی، تاہم مانیٹرنگ ٹیموں کی تعیناتی کے بعد آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے دس ملازمین کے کنٹریکٹس میں توسیع، مرحوم ملازمین کے اہل خانہ کو واجبات کی ادائیگی، ملازمین کے لیے 20 فیصد اوقاف الاؤنس کی منظوری اور ڈائریکٹر فنانس سمیت گریڈ 18 کی اہم آسامیوں پر صوبائی حکومت سے افسران کی خدمات مستعار لینے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیانتداری اور محنت سے کام کرنے والے ملازمین کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔











