ملتان، 10 فروری )اے پی پی): چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر ملتان میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رہائش پذیر بچوں کے لیے ڈی ایچ اے کشمیر پارک کا تفریحی دورہ کرایا گیا۔
ترجمان چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مطابق بچوں کے لیے اس تفریحی دورے کا اہتمام چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے ڈی ایچ اے انتظامیہ کے تعاون سے کیا گیا، جہاں ڈی ایچ اے انتظامیہ نے بچوں کو کشمیر پارک میں فری انٹری اور فری جھولوں کی سہولت فراہم کی۔
تفریحی دورے کے موقع پر ڈسٹرکٹ انچارج چائلڈ پروٹیکشن بیورو شفاعت ظفر، بیورو کے افسران اور اسٹاف بچوں کے ہمراہ موجود رہے۔ ڈسٹرکٹ انچارج شفاعت ظفر نے کشمیر پارک میں بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
ترجمان کے مطابق بچے تفریحی دورے کے دوران بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوئے اور کشمیر پارک میں موجود مختلف جھولوں سے خوب محظوظ ہوئے۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رہائش پذیر بچوں کے لیے اس تفریحی دورے کا مقصد انہیں صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ یہ لاوارث اور بے آسرا بچے بھی معاشرے کے مفید اور ذمہ دار شہری بن سکیں۔











