ملتان، 11 فروری )اے پی پی):ضلعی انتظامیہ نے ماہِ رمضان المبارک سے قبل گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو شہر اور دیہی علاقوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کریں گی۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی صدارت میں رمضان المبارک کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے، ذخیرہ اندوزوں کی گرفتاری اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ کسی کو بھی عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے سستے بازار قائم کیے جائیں گے جہاں اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کی عید حوالات میں گزرے گی۔
اجلاس میں ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ، تجاوزات کے خاتمے اور سیوریج مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو فوری اقدامات کی ہدایات بھی جاری کی گئیں تاکہ رمضان المبارک میں شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔











