اسلام آباد، 11 فروری ( اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر مصدق ملک سے جمہوریہ قازقستان کے پاکستان میں تعینات سفیر یرزہان کستافین نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سفیر نے جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف اور ان کے وفد کے حالیہ دورۂ پاکستان کے موقع پر دی جانے والی گرمجوش میزبانی پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان فروغ پاتے ہوئے برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سفیر نے وفاقی وزیر کو آئندہ اپریل میں آستانہ، قازقستان میں منعقد ہونے والے علاقائی ماحولیاتی سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تاریخی اور ثقافتی روابط موجود ہیں جنہیں مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں اور باہمی تعاون اور تجارت کو نہ صرف دوطرفہ سطح پر بلکہ وسیع تر وسطی ایشیائی خطے تک فروغ دینے کی بھرپور گنجائش موجود ہے۔
ملاقات میں صدرِ قازقستان کے دورۂ پاکستان کے دوران دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر عملی پیش رفت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے مصنوعی ذہانت، مالیاتی ٹیکنالوجی (فِن ٹیک) اور الیکٹرانک گورننس کے شعبوں میں ممکنہ مشترکہ منصوبوں اور تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔ پانی کی قلت، موسمیاتی تبدیلی اور دیگر ماحولیاتی چیلنجز جیسے اہم امور پر بھی گفتگو کی گئی، جس میں ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے لیے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔











