ملتان۔ 13 فروری (اے پی پی):ملتان میں شہری سہولیات کےفروغ اورتفریحی مواقع کی بہتری کے لیے محمدی پارک منصوبےکا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ نیو شاہ شمس کالونی سی بلاک میں 48 کنال اراضی پرتعمیر ہونے والے اس جدید پارک کا سنگ بنیاد کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان اور رکن صوبائی اسمبلی سلمان نعیم نے رکھا۔ اس موقع پر ایم ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔
کمشنرنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پارک پر مجموعی طور پر 82.26 ملین روپے لاگت آئے گی اورمنصوبے کی تکمیل کا ہدف جون 2026 مقررکیا گیا ہے،جس کے لیے تقریباً ساڑھے چار ماہ کی مدت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمدی پارک کوملتان کا ماڈل پارک بنایا جائے گا جہاں شہریوں کو معیاری اور محفوظ تفریحی سہولیات میسر آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 1993 کے بعد ایم ڈی اے ایک بارپھرماڈل پارک کی تعمیر کی جانب پیش رفت کر رہا ہے جو خوش آئند اقدام ہے۔
ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد کے مطابق پارک میں 10 فٹ چوڑی جدید جوگنگ ٹریک، 8 فٹ وسیع واک وے اور بچوں کے لیے الگ پلے ایریا تعمیر کیا جائے گا۔ اس کےعلاوہ 108 لائٹ پولز، 35 آر سی سی بینچز،5گیزیبوزاورجدید طرز کے باتھ رومز بھی منصوبے کا حصہ ہوں گے۔ فیملیز کی سہولت کے لیے دو مرکزی گیٹس اور تقریباً 3 کنال پر مشتمل پارکنگ ایریا بھی مختص کیا گیا ہے تاکہ شہری بلا جھجھک یہاں وقت گزارسکیں۔
کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پارک کی حفاظت اور صفائی کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں تاکہ یہ سہولت طویل عرصے تک عوام کے لیے مفید ثابت ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں ملتان ڈویژن میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ملتان وہاڑی روڈ کی بروقت تکمیل کے لیے اضافی فنڈز فراہم کیے گئے ہیں جبکہ ملتان ایونیو پر تقریباً تین ارب روپے کی لاگت سے اربن انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محمدی پارک جیسے منصوبے شہری ترقی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوں گے اور آئندہ بھی مزید ترقیاتی کام جاری رہیں گے۔











