موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی، پالیسی اقدامات اور باہمی تعاون کی ضرورت ہے ، محمد اورنگزیب

7

اسلام آباد،09 فروری(اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی ایک سنجیدہ چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی، پالیسی اقدامات اور تمام شراکت داروں کے باہمی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔

ان اں خیالات کا اظہار انہوں نے چوتھی پاکستان کلائمیٹ کانفرنس سے اپنے افتتاحی خطاب میں کیا جس کا انعقاد اوورسیز چیمبر کی جانب سے کیا گیا۔وفاقی وزیر نے کانفرنس کے انعقاد کو بروقت اور اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مختلف پالیسی فریم ورک، قومی منصوبہ جات اور عملی حکمتِ عملیوں پر پیش رفت کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی شعبے میں مالی وسائل کے حصول کے لیے عالمی و علاقائی مالیاتی اداروں کے ساتھ تعاون جاری ہے جبکہ انفراسٹرکچر کی بہتری، ماحولیاتی لچک اور کم کاربن ترقی سے متعلق پروگرامز پر بھی کام ہو رہا ہے۔ مزید برآں مقامی و بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں سے گرین فنانسنگ کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

محمد اورنگزیب نے نجی شعبے کے کردار کو کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ تکنیکی مہارت، علم کی منتقلی اور صلاحیت سازی موسمیاتی منصوبوں کی مؤثر تکمیل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ قابلِ عمل اور سرمایہ کاری کے قابل منصوبوں کی تیاری کے ذریعے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس کے دوران موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹھوس تجاویز اور عوامی و نجی شراکت داری کے نئے امکانات سامنے آئیں گے۔

آخر میں وفاقی وزیرِ خزانہ نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اوورسیز چیمبر کی کاوشوں کو سراہا۔