اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمہوریہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف سے جمعرات کو یہاں ملاقات کی جو پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد آئے ہوئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیرِ اعظم نے ازبکستان کے صدر کو صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم اور پاکستان کے عوام کی جانب سے پرتپاک خیرسگالی کے پیغامات پہنچائے۔
انہوں نے ازبکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں حاصل اہم مقام کو اجاگر کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ صدر کا یہ دورہ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط اور وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
دونوں فریقین نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور متنوع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔











