نائب وزیرِ اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی نیویارک میں انڈونیشیا کے وزیرِ خارجہ سوگیونو سے ملاقات، دیرینہ برادرانہ تعلقات کی مضبوطی پر اطمینان کا اظہار

9

اسلام آباد۔19فروری  (اے پی پی):نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں فلسطین سے متعلق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے موقع پر انڈونیشیا کے وزیرِ خارجہ سوگیونو سے ملاقات کی۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے مطابق د ونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی وسعت اور مضبوطی پر اطمینان کا اظہار کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال بالخصوص غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق فلسطین میں منصفانہ، دیرپا اور جامع امن کے قیام کےلئے قریبی تعاون پر اتفاق کیا۔ نائب وزیرِ اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے گزشتہ سال دسمبر میں انڈونیشیا کے صدر پروبوو سوبیانتو کے کامیاب دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے دورے کی خصوصی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دورہ سے دوطرفہ تعاون کو نئی تحریک ملی اور اس سے گزشتہ کئی دہائیوں میں حاصل ہونے والی مسلسل پیش رفت کی عکاسی ہوتی ہے۔