وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی برطانیہ کی وزیر خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقیاتی امور یوویٹ کوپر سے ملاقات

31

اسلام آباد۔19فروری  (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں فلسطین سے متعلق  اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح  اجلاس کے موقع پر  برطانیہ کی وزیر خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقیاتی امور یوویٹ کوپر سے ملاقات کی جنہوں نے اجلاس کی صدارت کی۔  جمعرات کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اس اہم اجلاس کے انعقاد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کا جائزہ لیا اور اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے، بالخصوص عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں اہم علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا  اور مذاکرات، کثیر الجہتی ، اور اقوامِ متحدہ کے فریم ورک سمیت مؤثر تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔