نوجوانوں پر خرچ کرنا سب سے بہترین اور منافع بخش سرمایہ کاری ہے، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

13

پشاور،10فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ نوجوانوں پر خرچ کرنا سب سے بہترین اور منافع بخش سرمایہ کاری ہے، نوجوانوں کو نعروں کی نہیں مواقع کی ضرورت ہے، وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے ذریعے پورے پاکستان میں ہزاروں قابل اور محنتی طلبہ کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو زرعی یونیورسٹی پشاور میں وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی پشاور علم، تحقیق اور عملی تربیت کا ایک درخشاں مرکز ہے، جو نہ صرف زراعت کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہا ہے بلکہ ملکی غذائی تحفظ اور دیہی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے جو ہمارے نوجوانوں کو ایک روشن مستقبل کی طرف لے جا رہا ہے۔