نوجوانوں کیلئے محفوظ ڈیجیٹل ماحول قومی ٹیکنالوجی ترقی کی بنیاد ہے، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چوہدری

12

اسلام آباد، 10 فروری (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چوہدری نے نوجوانوں کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ماحول کو پاکستان کے مستقبل کے مصنوعی ذہانت (اے آئی) ایکو سسٹم کی بنیادی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آن لائن تحفظ کو وزیراعظم کے 2030 تک ایک ارب ڈالر کے اے آئی ایکو سسٹم کے وژن کے ساتھ ہم آہنگ کیا جانا چاہیے۔

وہ منگل کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز (پیپس) میں نیشنل چائلڈ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ماحول قومی ٹیکنالوجی ترقی کا مرکز ہے، جس کے لیے مضبوط قوانین اور پالیسی سازی میں نوجوانوں کی شمولیت ناگزیر ہے۔

بیرسٹر دانیال نے ڈیجیٹل تحفظ کو پابندی کے بجائے  نوجوان ذہنوں کے لیے معاونت قرار دیتے ہوئے  ڈیجیٹل پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے دانشمندانہ رہنمائی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سخت بلاکس سیکھنے اور اظہارِ رائے کی آزادی کو متاثر کرتے ہیں، جبکہ رہنمائی کے ساتھ تحفظ ایک پائیدار حل ہے۔

انہوں نے سائبر بُلنگ، مضر مواد، ڈیپ فیکس اور آن لائن حملوں جیسے خطرات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ان سے نمٹنے کے لیے والدین، اساتذہ، ریگولیٹرز اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کا مشترکہ کردار ضروری ہے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے ابھرتے ہوئے اے آئی خطرات کے خلاف سخت قانونی تحفظ فراہم کرنے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو جوابدہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔