وزارتِ صحت کے اشتراک سے سعودی عرب کے اعلیٰ سطحی وفدکی معروف فارماسیوٹیکل کمپنیوں سےملاقات

10

اسلام آباد، 3 فروری (اے پی پی): وزارتِ صحت کے اشتراک سے سعودی عرب کے اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان کی معروف فارماسیوٹیکل کمپنیوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں کے مالکان بھی شریک ہوئے۔

سعودی وفد نے پاکستان کی ویکسین سازی کی صلاحیتوں اور فارماسیوٹیکل انڈسٹری کی مجموعی کارکردگی کو سراہا جبکہ حکومتِ پاکستان کے صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات اور موجودہ بزنس انوائرمنٹ کی بھی تعریف کی۔وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب باہمی تعاون کے ذریعے ویکسین کے شعبے میں خود کفالت حاصل کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ صحت کے شعبے میں پاکستان اور سعودی عرب کا اشتراک خطے کے لیے مثال بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری سے قیمتی زرمبادلہ بچے گا اور پاکستان مقامی پیداواری صلاحیت حاصل کر کے خود کفالت کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔

وفاقی وزیر صحت نے مزید کہا کہ مقامی طور پر ویکسین تیار کرنے کے لیے تمام تر عملی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔