وزیراعظم  شہباز شریف سےوینس آرٹ ایگزیبیشن میں پاکستانی پویلین کی ٹیم کی ملاقات

25

لاہور،2فروری(اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملک کی تاریخ و ثقافت کی خوبصورتی کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔

 وزیراعظم سے اٹلی کے شہر وینس میں  مئی تا نومبر2026  منعقد ہونے والی  تاریخی آرٹ ایگزیبیشن’’ 61ویں وینس بیانالے 2026 ‘‘میں پاکستانی پویلین کی ٹیم نے ملاقات کی۔

 پاکستان پویلین ٹیم نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ وینس میں رواں برس نمائش میں پاکستان کے روایتی آرٹ، اس کی جمالیات و خوبصورتی    کو  مہمانوں و سیاحوں کو دکھایا جائے گا۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ مئی سے نومبر 2026ء تک پاکستانی پویلین کے تحت متعدد ایونٹس کا اہتمام کیا جائے گا جو پاکستانی تقافت اور فن کے مختلف پہلوؤں کے بارے دنیا بھر سے آئے مہمانوں کو آگہی دیں گے۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ 1895ء میں شروع ہونے والی وینس بیانالے دنیا کی سب سے قدیم اور سب سے بڑی آرٹ نمائش ہےجو اپنے تنوع اور تخلیقی صلاحیتوں کے لحاظ سے منفرد  ہے۔

وزیرِ اعظم نے ٹیم کا خیر مقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی تاریخ و ثقافت کی خوبصورتی اور اس میں تنوع اور شمولیت کے عناصر کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو پاکستانی پویلین کے افتتاح کی بھی دعوت دی۔