لاہور ، 28 فروری ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیرِ اعظم نے سیکیورٹی کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی سطح پر متعلقہ تمام اداروں کو ہدایت کی کہ موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر جامع اور مؤثر حفاظتی اقدامات فوری طور پر یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ تمام ادارے باہمی رابطہ اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ تمام سیکیورٹی ادارے موجودہ صورتحال کے پیش نظر الرٹ ہیں اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایران کی صورتحال کے پیش نظر ،ایران میں موجود پاکستانیوں کو وطن واپس بخیریت لانے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستانیوں کو آذر بائیجان کے ذریعے بحفاظت پاکستان لایا جائے ،وزیر اعظم نے اس سلسلے میں، وزارت خارجہ کو آذربائیجان کی حکومت سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہیں -انہوں نے مزید کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر قیادت، افواجِ پاکستان قومی جذبے کے ساتھ اپنے بہترین انداز میں اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز جو قربانیاں دی رہی ہیں، اس پر پوری قوم ان کو سلام پیش کرتی ہے











