ملتان,28 فروری (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں ماہِ صیام کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔کمشنر عامر کریم خاں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پورے ڈویژن میں رمضان برانڈنگ مکمل کر لی گئی ہے جبکہ برقی قمقموں سے شہر اور اہم شاہراہیں جگمگا اٹھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے ان اقدامات کو بھرپور سراہا جا رہا ہے۔اجلاس میں گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ کمشنر نے واضح کیا کہ عوام کی جیبیں لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ رمضان نگہبان کارڈ کی تقسیم 90.5 فیصد مکمل ہو چکی ہے اور 3 لاکھ 29 ہزار سے زائد کارڈز مستحقین تک پہنچائے جا چکے ہیں۔ ڈویژن بھر میں 31 رمضان دسترخوان قائم کیے گئے ہیں جہاں یومیہ 9 ہزار 573 افراد مستفید ہو رہے ہیں۔اسی طرح 5 سہولت و رمضان بازار فعال ہیں جہاں روزانہ 14 ہزار 820 سے زائد شہری خریداری کر رہے ہیں۔ یکم تا 27 فروری پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 2 لاکھ سے زائد انسپکشنز کیں اور 73 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ صرف 27 فروری کو 7 ہزار 429 انسپکشنز کے دوران 169 اوورچارجنگ کیسز پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈویژن کی تمام 4 ہزار 775 جامع مساجد کی صفائی کا ہدف سو فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔ آٹا کے 561 سیل پوائنٹس پر 14 ہزار سے زائد 10 کلو بیگز تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ چینی کی سرکاری نرخوں پر فراہمی بھی جاری ہے اور مختلف اضلاع میں سیل پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے انجام دیں۔











